پاکستانی خاتون آرکیٹیکٹ یاسمین لاری کو جاپان کے اہم ترین ایوارڈ سے نوازا جائے گا

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2016
یاسمین لاری کو آرٹس اور کلچر کے شعبے میں خدمات پر ’’فکوکا‘‘ ایوارڈ سے نوزا جارہا ہے۔ فوٹو؛ فائل

یاسمین لاری کو آرٹس اور کلچر کے شعبے میں خدمات پر ’’فکوکا‘‘ ایوارڈ سے نوزا جارہا ہے۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: پاکستان کی ممتاز آرکیٹکٹ کو اس سال جاپان کے مشہور ’’فکوکا‘‘ ایوارڈ سے نوزا جائے گا جو انہیں آرٹس اور کلچر کے شعبے میں خدمات پر دیا جارہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے شہنشاہِ قوالی نصرت فتح علی خان اور سماجی سائنسداں ڈاکٹر عکسی مفتی بھی ’’فکوکا‘‘ ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ ایوارڈ کا اجرا 1990 میں پہلی بار کیا گیا اور جاپانی شہر فکوکا پر اس کا نام رکھا گیا ہے ۔ ہرسال یہ ایوارڈ ان  انفرادی شخصیات اور تنظیموں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ایشیائی تہذیب، ثقافت اور تمدن کی ترقی میں اپنا نمایاں کردار کیا ہے، اس ایوارڈ کا مقصد ایشائی تہذیب اور تمدن کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سال یہ ایوارڈ پاکستان کی ممتاز آرکیٹیکٹ یاسمین لاری کو بھی دیا جارہا ہے جب کہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کو مرکزی ایوارڈ دیا جائے گا اور ایوارڈ کی تقریب 16 ستمبر کو منعقد ہوگی۔

ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین لاری نے کہا کہ انہوں نے ملکی آرکیٹیکچر، تہذیب اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں اپنا کردار ادا کیا، یہ ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور پاکستان میں ہونے والے اچھے کاموں کا اعتراف بھی ہے۔ یاسمین لاری نے کام کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ یاسمین لاری نے نہ صرف اہم عمارات ڈیزائن کی ہیں بلکہ زلزلہ زدگان کے لیے خصوصی گھر بھی بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے قائم کردہ ہیریٹیج فاؤنڈیشن آف پاکستان کے تحت کراچی کی تاریخی عمارات کا سروے کرکے ایک ہزار سے زائد عمارات کو تاریخی قرار دیا اور حکومتِ سندھ سے ان کی حفاظت و نگرانی پر زور دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔