عدالت نے رمضان سے قبل اشیائے خوردونوش مہنگی ہونے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 31 مئ 2016
رمضان المبارک سے قبل حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، درخواست گزار  - فوٹو: فائل

رمضان المبارک سے قبل حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، درخواست گزار - فوٹو: فائل

لاہور: ہائیکورٹ نے رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواست گزارکے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیارکیا کہ رمضان المبارک سے قبل روز مرہ استعمال کی اشیا چاول، گھی، چینی، آٹا اور بیسن وغیرہ کی قیمتوں میں مسلسل  اضافہ ہورہا ہے جب کہ حکومت قمیتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اعتدال رکھنے کے لیے حکومت کو احکامات صادر کیے جائیں جس پرعدالت نے حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 جون کو جواب طلب کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔