آئی سی سی چیمپیئنزٹرافی 2017 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 1 جون 2016
ایونٹ کا فائنل 18 جون کو ہوگا فوٹو: فائل

ایونٹ کا فائنل 18 جون کو ہوگا فوٹو: فائل

لندن: آئی سی سی چیمپیئنزٹرافی 2017 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے آئندہ چیمپیئنز ٹرافی کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ یکم جون سے 18 جون تک برطانیہ کھیلا جائے گا۔ جس میں ون ڈے رینکنگ کی 8 بہترین ٹیمیں شامل ہوں جنہیں 2 الگ الگ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش جب کہ گروپ بی میں پاکستان کے علاوہ بھارت، جنوبی افریقا اور سری لنکا شامل ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اپنا پہلا گروپ میچ 4 جون 2017 کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم کا اگلا ٹاکرا 7 جون کو جنوبی افریقا کے ساتھ ہوگا جب کہ 12 جون کو قومی شاہین سری لنکا سے پنجہ آزمائی کریں گے۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جب کہ 18 جون کو ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔