حج کرپشن اسکینڈل، سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی کو 16 سال قید کی سزا

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جون 2016

 اسلام آباد: عدالت نے حج کرپشن اسکینڈل میں سابق وفاقی وزیر کو 16 سال اور سابق ڈی جی حج کو 40 سال قید کا حکم سنا دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے حج کرپشن اسکینڈل کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وفاقی وزیرحامد سعید کاظمی کو 16 سال، سابق ڈائریکٹر جنرل حج راؤ شکیل کو 40 سال اور سابق ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب احمد کو 16 سال قید کا حکم دیا ہے۔ اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیراحمد نے حج کرپشن کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے سابق وزیرمذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 14 کروڑ 83 لاکھ 97 ہزار600 روپے جرمانہ اورسابق ڈی جی حج راؤ شکیل کو 15 کروڑ 13 لاکھ 97 ہزار روپے جرمانہ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے  وسیم احمد رانجھا اور ایف آئی اے کے وکیل چوہدری اظہرعدالت میں پیش ہوئے، کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ایف آئی اے نے تینوں مجرموں کو عدالتی احاطے میں ہی ہتھکڑیاں لگا دیں۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سابق ڈائریکٹر حج راؤ شکیل، سابق وزیربرائے مذہبی امورحامد سعید کاظمی اور وزارت مذہبی امور کے سابق ایڈیشنل سیکریٹری راجہ آفتاب پر2010 کے حج سیزن کے دوران قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔