لندن میں وزیراعظم نوازشریف سے پرویز رشید اور طارق فاطمی کی ملاقات

ویب ڈیسک  اتوار 19 جون 2016
وزیراعظم نواز شریف نے اپنا طبی معائنہ بھی کرایا۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے اپنا طبی معائنہ بھی کرایا۔ فوٹو: فائل

لندن: وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور معاون خصوصی طارق فاطمی نے ملاقات کی جس میں اہم ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف لندن میں اپنی ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے روبصحت ہیں اور وہیں سے حکومتی امور نمٹانے لگے ہیں جب کہ ان سے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو ملکی سیاسی معاملات پر بریفنگ دی، طارق فاطمی نے بھی وزیراعظم کو موجودہ علاقائی صورت حال اور پاک افغان سرحدی کشیدگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اہم حکومتی معاملات پر پرویزرشید کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جو پیر کی صبح وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنا طبی معائنہ بھی کرایا، وزیراعظم نواز شریف ڈاکٹرز کی ہدایات کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔