آپریشن ضرب عضب میں بچ جانے والے گنتی کے دہشتگرد اہم شخصیات کو نشانہ بنارہے ہیں، پرویزرشید

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جون 2016

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور دہشت گرد بھی گنتی کے رہ گئے ہیں لیکن وہ اپنی موجودگی ثابت کرنے کےلئے اہم شخصیات کا نشانہ بنارہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ امجد صابری سچے عاشق رسول ﷺاور دنیا بھرمیں امن و پیار کے پیامبر تھے، انہوں نے خدا اورمخلوق سے محبت ، خیر اور متحد ہونے کا پیغام دیا، حملہ آوروں نے اللہ سے محبت کرنے والے شخص کو نشانہ بنایا، امجد صابری کے قاتل اللہ اور اس کے رسول کے دشمن ہیں اور ان کو سزا ضرور ملے گی اور کراچی میں امن قائم ہوکر رہے گا۔

وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اہم اہداف بھی حاصل کرچکے ہیں، اب دہشت گرد کم ہو کر گنتی کے رہ گئے ہیں جبکہ ماضی کے مقابلے میں شہر قائد انتہائی پرامن ہے اب صرف دہشت گرد اپنی موجودگی ثابت کرنے لئے ناموراور اہم  شخصیات کو نشانہ بنارہے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ احتساب کا مطالبہ کرنے والوں کی بھی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں، وزیراعظم کا نام کسی آف شور کمپنی میں نہیں، عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے نکات اور نواز شریف کے بیٹوں سے متعلق سوال ٹی او آرز میں شامل کردئے گئے لیکن خود عمران خان نے اپنے فلیٹ سے متعلق سوال کا جواب اب تک  نہیں دیا ۔عمران خان کے سابقہ دھرنے کے دوران کون سا شہر بند ہوا ایک دکان والے نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا۔ عمران خان عوام سے ووٹ نہیں لے سکتے اس لئے احتجاج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔