کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، 20 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 جون 2016
زخمی ہونے والے افراد میں سے بعض کی حالت تشویشنکا ہے، اسپتال انتظامیہ، فوٹو؛ ایکسپریس/ نسیم جیمز

زخمی ہونے والے افراد میں سے بعض کی حالت تشویشنکا ہے، اسپتال انتظامیہ، فوٹو؛ ایکسپریس/ نسیم جیمز

کوئٹہ: عالمو چوک سے متصل گلی میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جب کہ  20 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے عالمو چوک سے متصل گلی میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا خیز مواد سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، ایف سی اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لئے پہنچ گئیں اور واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بعض افراد کی حالت  تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔