وزیراعلیٰ سندھ کی امجد صابری کی رہائش گاہ آمد، اہل خانہ سے تعزیت

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
قائم علی شاہ نے ورثا کے لیے ایک کروڑ امداد سمیت بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

قائم علی شاہ نے ورثا کے لیے ایک کروڑ امداد سمیت بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ امجد صابری کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے ورثا سے تعزیت کی جب کہ وزیراعلیٰ نے امجد صابری کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑروپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کے بچوں کے تعلیمی اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے بھائی سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے امجد صابری کے  ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے امداد سمیت ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ امجد صابری کی موت بہت بڑا سانحہ ہے، انہوں نے ملک کا نام روشن کیا، ان کے قاتلوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔

امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے وزیراعلیٰ کی آمد کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کولٹکا بھی دیا جائے توہمارا نقصان پورا نہیں ہوسکتا، ہمارے نقصان کی تلافی نہیں ہوسکتی تاہم قانون ہوتوسب کے لیے ہو اور ہرکسی کو انصاف ملنا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔