پاکستان لائیو اسٹاک وزرعی شعبوں میں تعاون بڑھائے، چین

اے پی پی  اتوار 26 جون 2016
گزشتہ سال 43کروڑڈالرکے چاول ،32 کروڑکے پھل و سبزیاں خریدیں، ڈائریکٹر زراعت۔ فوٹو: فائل

گزشتہ سال 43کروڑڈالرکے چاول ،32 کروڑکے پھل و سبزیاں خریدیں، ڈائریکٹر زراعت۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین کی وزارت زراعت کے ڈائریکٹر برائے ایشیا و افریقی امور ژی ان پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان چین کو چاول برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے اور اس کو چین کی تیزی سے پھیلتی ہوئی حلال مارکیٹ سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ژی ان پنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کو لائیواسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے جس سے دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ زرعی مصنوعات کی تجارت پاکستان کے حق میں ہے اور2015 کے دوران چین نے پاکستان سے زرعی مصنوعات اور چاول درآمد کیے ہیں جن کی مالیت43کروڑ ڈالر ہے جبکہ دیگر درآمد کیے گئے پھلوں اور سبزیوں کی مالیت 32 کروڑ ڈالر ہے، چین مقامی ضروریات پوری کرنے کے لیے زرعی تجارت میں وسعت کا خواہشمند ہے۔

انہوں کہاکہ پاکستان اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ چین کی حلال مارکیٹ سے استفادہ کریں جس سے ان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ زرعی مصنوعات کی تجارت میں اضافے کے خواہشمند ممالک کو چاہیے کہ وہ چین کی حلال مارکیٹ کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل کریں تاکہ وہ بہتر طور پر اپنی مصنوعات برآمد کرسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔