نئے نویلے ڈائریکٹر اکیڈمیز بھی انگلینڈ کی سیر کریں گے

سلیم خالق  اتوار 26 جون 2016
چیف سلیکٹربھی ٹورکیلیے تیار،ایک میڈیا منیجرکم،نئی پوزیشن دے کر بھیجا جائے گا

۔ فوٹو: فائل

چیف سلیکٹربھی ٹورکیلیے تیار،ایک میڈیا منیجرکم،نئی پوزیشن دے کر بھیجا جائے گا ۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی سی بی نے نئے نویلے ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کو بھی انگلینڈ کی سیر کرانے کا فیصلہ کر لیا، وہ اے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا 10 دن تک ’’جائزہ‘‘ لینگے، بزنس کلاس کے فضائی سفر،رہائش اورڈیلی الاؤنس ملا کر بورڈ کے کئی لاکھ روپے ضائع ہو جائیں گے، چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی سامان پیک کیے بیٹھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دورئہ انگلینڈ قریب آتے ہی بورڈ آفیشلز وہاں کی سیر کے بہانے ڈھونڈنے لگے،ایک طرف چیئرمین شہریارخان کشکول لیے آئی سی سی کے سامنے کھڑے ہیں تو دوسری جانب بھاری رقم دوروں اور تنخواہوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اظہر محمود سے صرف ایک سیریز کے لیے 7 لاکھ روپے میں معاملات طے پا گئے، چونکہ وہ انگلینڈ میں ہی رہتے ہیں اس لیے یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حال ہی میں ڈائریکٹر اکیڈمیز کا عہدہ سنبھالنے والے مدثر نذر کو بھی انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس کیلیے اے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا جواز تراشا گیا، یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ وہ10 دن میں کون سے ’’گوہر نایاب‘‘ تلاش کرلینگے، البتہ بزنس کلاس کے فضائی ٹکٹ، فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام اور200 ڈالر یومیہ الاؤنس سے بورڈ مزیدکئی لاکھ روپے پھونک دے گا، چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی ٹی وی کے بجائے گراؤنڈز میں جا کر دیکھنا چاہتے ہیں، وہ بھی انگلینڈ جا کر بورڈ کے لاکھوں روپے خرچ کرائیںگے۔

ادھر اظہر محمود سے صرف ایک سیریز کیلیے 7 لاکھ روپے میں معاہدہ ہو گیا،وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نائب کوچ بنیںگے، چونکہ اظہر انگلینڈ میں ہی رہتے ہیں اس لیے یہ ان کیلیے گھاٹے کا سودا نہیں ہوگا، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں وہ15لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود بدترین ناکامی کا شکار ہوئے تھے۔

دریں اثنا بورڈ نے تنقید سے بچنے کا نیا طریقہ تلاش کرتے ہوئے عون زیدی کو بطور میڈیا منیجر انگلینڈ بھیجنے کا ارادہ ترک کر دیا، انھیں اب سوشل میڈیا آفیسر کے روپ میں پورے ٹور کیلیے بھیجا جائے گا،اس کیلیے جواز یہ دیاگیا کہ ان کا ٹور اسپانسر کرایا جائے گا، یہ اور بات ہے کہ تاحال کوئی اسپانسر نہیں مل سکا، یاد رہے کہ وہ بورڈ کی ایک اعلیٰ شخصیت کی آنکھ کا تارا ہیں، اب ٹور میں بطور میڈیا منیجرز آغا اکبر، رضا راشد اور امجد حسین بھٹی خدمات انجام دیںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔