کراچی کے علاقے کلفٹن میں کثیر المنزلہ عمارت میں آگ پھر بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
فائر ڈیپارٹمنٹ کے عملے کو پانی کے کم پریشر کی وجہ سے ریسکیو کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

فائر ڈیپارٹمنٹ کے عملے کو پانی کے کم پریشر کی وجہ سے ریسکیو کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: کلفٹن میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت میں ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک 4 میں واقع ایک کثیر المنزلہ عمارت میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے تاہم عملے کو پانی کے کم پریشر کی وجہ سے ریسکیو کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ ایئر کنڈیشنر کا کمپریسر پھٹنے سے پیش آیا تھا، فائر ڈیپارٹمنٹ نے 4 گھنٹے کی محنت سے اس پر قابو پایا تھا تاہم اس دوران عمارت میں موجود ایک سیکیورٹی گارڈ دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی۔

آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران وزیر بلدیات جام خان شورو بھی موقع پر پہنچ گئے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کراچی میں فائر ڈپارٹمنٹ کے پاس صرف ایک اسنارکل ہے اور وہ بھی چھٹی منزل سے اوپر نہیں جا سکتا جبکہ شہر میں متعدد کثیر المنزلہ عمارات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کے لیے ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے ۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ہیلی کاپٹر خریدیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران کراچی میں یہ آتش زدگی کا چوتھا واقعہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔