کراچی میں پارہ 40 ڈگری تک پہنچ گیا، کل پہلی مون سون بارش کا امکان

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
کراچی، حیدرآباد، میرپور، کوئٹہ ، ژوب ، قلات اور مکران میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بارش کا امکان ہے، محکمہ موسیات : فوٹو : فائل

کراچی، حیدرآباد، میرپور، کوئٹہ ، ژوب ، قلات اور مکران میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بارش کا امکان ہے، محکمہ موسیات : فوٹو : فائل

کراچی: شہر قائد میں سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہوگئی ہیں جس سے گرمی کی شدت بڑھ گئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے کل مون سون کی پہلی بارش ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں یک لخت اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی تجاوز کرچکا ہے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر سے چلنے والی ہوائیں رکنے سے گرمی بڑھی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 30 فیصد ہے اگر یہ شرح 60 فیصد تک پہنچی تو پھر ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہوسکتا ہے۔ سمندری ہوائیں بحیرہ عرب میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے کم ہوئی ہیں ۔ اس بات کا امکان ہے کہ شہر اور گرد و نواح میں آج رات یا کل مون سون کی پہلی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی ، حیدرآباد، میرپور، کوئٹہ ، ژوب ، قلات اور مکران میں اکثر مقامات پر آندھی ، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سکھر ، لاڑکانہ ، سبی اور  نصیرآباد میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب ، خیبرپختون خوا اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں آندھی ، تیز ہواؤں اور گرج چمک سے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرین موسمیات نے اس مرتبہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں 20 فیصد تک زائد بارشوں کی پیش گوئی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔