امجد صابری کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت دہشت گردوں کے منہ پرطمانچہ ہے، رضا ربانی

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016

 کراچی: چئیرمین سینیٹ رضاربانی کا کہنا ہے کہ معروف قوال امجد صابری کا فن کوئی کمرے میں بند نہیں کرسکتا اور ان کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت دہشت گردوں کے منہ پرطمانچہ ہے۔

چئیرمین سینیٹ رضا ربانی مقتول امجد صابری کے گھر پہنچے اوران کے سوگواران سے تعزیت کی۔ اس موقع پر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وہ قوتیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ شاید وہ دہشت کے ذریعے ریاست کے طرز زندگی کو تبدیل کرسکیں گے، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام نے جس طریقے سے صابری صاحب کی شہادت کے بعد ان کے جنازے میں شرکت کی اور جس طرح پورا ملک اشکبار ہوا وہ ان قوتوں کے منہ پر کھلا طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ  امجد صابری کا فن نہ آپ کمرے میں بند کرسکتے ہیں اور نہ ہی قبر میں اتار سکتے ہیں کیونکہ وہ لوگوں کے ذہنوں میں بند ہے اور وہ جب زندہ تھے تو اپنے اندر اپنے رب کو تلاش کر رہے تھے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ امجد صابری سے ذاتی تعلق بھی تھا جب کہ گزشتہ ماہ ہی میری آخری گفتگو ان سے فون پر ہوئی تھی، وہ انتہائی نفیس اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ صوبائی اور وفاقی حکومت باہمی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

اس سے قبل چئیرمین سینیٹ رضا ربانی مختلف جماعتوں کے سینیٹرز کے ہمراہ ایدھی ہوم پہنچے جہاں انہوں نے عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔ عیادت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایدھی صاحب جیسی مثال بہت کم ہی ملے گی، انہوں نے اپنی زندگی کو جس کام کے لیے وقف کیا وہ ایک مثال ہے جب کہ چئیرمین سینیٹ نے عبدالستارایدھی کے کل ہونے والے آپریشن کے حوالے سے کہا کہ ساری قوم ان کے لیے دعا گو ہے کہ ان کا آپریشن کامیاب ہو اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔