بدامنی کی حالیہ لہر کے بعد وزیرداخلہ اور آرمی چیف کی کراچی آمد

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
جنرل راحیل رینجرز ہیڈ کوارٹر جب کہ چوہدری نثار امجد فرید صابری کے گھر بھی جائیں گے۔ فوٹو: فائل

جنرل راحیل رینجرز ہیڈ کوارٹر جب کہ چوہدری نثار امجد فرید صابری کے گھر بھی جائیں گے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: بدامنی کی حالیہ لہر کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف حالات کا جائزہ لینے شہر قائد پہنچ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی بڑھتی ہوئی حالیہ وارداتوں کے بعد حالات کا جائزہ لینے شہر قائد پہنچ گئے ہیں۔ قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور ڈی جی ملٹری آپریشنز بھی وزیر داخلہ اور آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔

کراچی پہنچنے کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انھوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ نے وفاقی وزیر داخلہ کو شہر کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے آگاہ گیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال پرتفصیلی بریفنگ دی۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کور ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیر داخلہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کراچی میں شروع ہونے والی حالیہ بدامنی کی پر اعلیٰ حکام کو بریفنگ دی جائے گی۔ آرمی چیف رینجرز ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کریں گے جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی امجد فرید صابری کے گھر آمد بھی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پہلے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد شاہ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا اور پھر دن دیہاڑے کراچی کے مصروف ترین علاقے میں نامور قوال امجد فرید صابری کو قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔