یمن میں 3 خودکش حملوں میں 34 فوجیوں سمیت 40 افراد ہلاک ، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  منگل 28 جون 2016

صنعاء: یمن کے شہر المکلا میں واقع سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر یکے بعد دیگرے ہونے والے 3 خودکش حملوں میں کم از کم 34 فوجیوں سمیت 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر المکلا میں ہونے والے 3 حملوں میں 40 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 34 فوجی اور 6 عام شہری شامل ہیں، حملوں میں زخمیوں کی تعداد بھی درجنوں میں بتائی جارہی ہے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔  یمنی وزارت دفاع کی جانب سے حملوں کے حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیا پہلا دھماکا خود کش تھا جس میں حملہ آور نے دیس المکلا کالونی میں واقع ایک چیک پوسٹ میں داخل ہو کر افطار میں مصروف فوجیوں میں پہنچ کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس میں 10 فوجی اور 5 عام شہری ہلاک ہوئے جب کہ 40 فوجیوں سمیت متعدد شہری بھی زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

وزارت دفاع کے مطابق دوسرا دھماکا الفوہ کے علاقے میں ہوا جہاں حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار کو علاقے میں واقع ملٹری کمان کی عمارت سے ٹکرا دیا جس میں 13 فوجی ہلاک ہوئے جب کہ واقعے میں 30 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق تیسرے حملے میں بھی الفوہ میں ہی واقع ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جس میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کیا اور اسے مقررہ وقت پر ریمورٹ کنٹرول سے اڑا دیا واقعے میں 11 فوجیوں سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے اور اس دھماکے میں بھی 35 افراد زخمی ہوئے جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب تینوں دھماکوں کی ذمہ داری جنگجو تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔