نینوکار کے بعد اب پیش ہے نینو ڈرون

ویب ڈیسک  بدھ 29 جون 2016
صرف پانچ انچ لمبا، پانچ انچ چوڑا اوردو انچ موٹا ہونے کے علاوہ یہ 140 گرام وزنی ہے:فوٹو: آن اے گو فلائی

صرف پانچ انچ لمبا، پانچ انچ چوڑا اوردو انچ موٹا ہونے کے علاوہ یہ 140 گرام وزنی ہے:فوٹو: آن اے گو فلائی

لاس ویگاس: نینو کارنے دنیا بھرمیں شہرت کمالی اور اب باری ہے ’’نینو ڈرون‘‘ کی اور یہ ننھا سا ڈرون آپ کی ہتھیلی سے تھوڑا بڑا لیکن اتنا سمجھ دار کہ وائی فائی کنکشن کے ذریعے آپ کے اسمارٹ فون سے را بطے میں رہے، آپ کا تعاقب کرتا رہے اورضرورت پڑنے پر آپ کی ’’ہوائی سیلفیاں‘‘ لے سکے یا فُل ایچ ڈی ویڈیو بناسکے اوراسے ’’آن اے گو فلائی‘‘ (OnAGoFly) نینو ڈرون کا نام دیا گیا ہے۔

اب تک اسے دنیا کے کئی ممالک میں فروخت کےلئے پیش کیا جاچکا ہے، البتہ پاکستان میں رہنے والے صارفین کو شاید کچھ انتظار کرنا پڑے جب کہ اس کی تعارفی قیمت 300 امریکی ڈالرہے۔

صرف پانچ انچ لمبا، پانچ انچ چوڑا اوردو انچ موٹا ہونے کے علاوہ یہ 140 گرام وزنی ہے، یعنی اتنا ہلکا پھلکا کہ اسے استعمال کرنے کے لئے شہری ہوابازی کے کسی ادارے سے رجسٹریشن یا لائسنس لینے کی  ضرورت نہیں۔

اسے وائی فائی کے ذریعے کنٹرول کرنے کےلئے مفت موبائل ایپ بھی ساتھ ہی فراہم کی جاتی ہے، یہ جی پی ایس سے بھی لیس ہے اور آپ کے اسمارٹ فون میں جی پی ایس سے خود کو ہم آہنگ کرکے آپ کی حرکات و سکنات اور مقام پر بھی نظر رکھتا ہے، وائی فائی کنکشن کے ذریعے اسے تقریباّ 100 فٹ تک کے فاصلے سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

خیر! کسی اور کو اس سے خوشی ہو یا نہ ہو لیکن  یقین ہے کہ سیلفی اسٹک ہاتھ میں تھام کر الگ الگ زاویوں سے اپنی ہی تصویریں کھینچنے والوں کے ہاتھ ایک نیا کھلونا ضرور آجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔