کراچی میں بارش؛ نالوں کی صفائی کے لیے 47 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری

ویب ڈیسک  بدھ 29 جون 2016
جلد از جلد شہر کے تمام نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ.  فوٹو: فائل

جلد از جلد شہر کے تمام نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ. فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نالوں کی صفائی کے لیے 47 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کردیئے ہیں۔

کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے جائزے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ نالوں کی صفائی سے متعلق افسر شاہی نے وزیراعلی سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ہیں اس کے علاوہ نالوں کی صفائی کی مانیٹرنگ کا بھی کوئی نظام رائج نہیں۔

متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے 4 نالوں کی صفائی کا کام مکمل ہوگیا ہے جب کہ 29 کی صفائی کا کام باقی ہے۔ جس پر وزیر اعلٰی سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی صفائی کے  لئے47 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری ہوچکے ہیں، کے ایم سی، واٹر بورڈ اور ڈی ایم سیز اور ڈی سیز 24 گھنٹے کام کریں اور نالوں کی صفائی کا کام مکمل کریں ، اس سلسلے میں عید کے دن کے علاوہ کام نہیں رکنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں بارش کا ہانی موجود ہے وہاں جنریٹر کی مدد سے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد مختلف حادثات میں ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔