ہریتھک روشن استنبول ایئرپورٹ پر خودکش حملوں میں بال بال بچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 29 جون 2016
ہمیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیئے، اداکار:فوٹو:فائل

ہمیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیئے، اداکار:فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہریتھک روشن کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول کے کمال اتا ترک ایئرپورٹ پر ہونے والے خود کش حملوں میں اپنے بچوں کے ہمراہ بال بال بچے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ کے اداکار ہریتھک روشن کا کہنا تھا کہ استنبول کے اتاترک ائیرپورٹ پر خودکش حملوں اور فائرنگ کے واقعے سے چند گھنٹے قبل وہ بھی اپنے بچوں کے ساتھ وہاں موجود تھے۔ ان سے کنیکٹنگ فلائیٹ چھوٹ گئی تھی جس کے بعد انہیں دوسری فلائٹ کے لئے صبح تک انتظار کرنا تھا  لیکن وہ حملے سے صرف چند گھنٹے قبل دوسری پرواز کی اکانومی کلاس کا ٹکٹ لے کر وہاں سے روانہ ہوئےتھے۔

اداکار ہریتھک روشن نے اتاترک ائیرپورٹ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اور ان کے بچوں کو اکانومی کلاس کا ٹکٹ جاری کیا جب کہ اداکار نے سانحے پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول میں اتاترک ائیرپورٹ پر خود کش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور 140 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔