امریکا جانے کے خواہش مندوں سے اب سوشل میڈیا سے متعلق بھی پوچھا جائے گا

ویب ڈیسک  بدھ 29 جون 2016
سوشل میڈیا تفصیلات کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید موثر بنانا ہے، اوباما انتظامیہ. فوٹو: فائل

سوشل میڈیا تفصیلات کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید موثر بنانا ہے، اوباما انتظامیہ. فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا کا سفر کرنے والوں کو اب اپنی ذاتی تفصیلات کے ہمراہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اوباما انتظامیہ نے امریکا کا سفر کرنے والوں سے رضاکارانہ طور پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بتانے کی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید موثر بنانا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چند ممالک جن کے شہریوں کو بغیر ویزے کے 90 روز تک امریکا میں رہنے کی اجازت ہے ان سے سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات سے متعلق نہیں پوچھا جائے گا جب کہ کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن حکام کے مطابق سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کی فراہمی سے کسی بھی شخص کے ممکنہ غلط عزائم سے متعلق تحقیقات میں مزید آسانی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکی کانگریس نے مختصر مدت کے لئے امریکا کا سفر کرنے والوں کے لئے قوانین میں سختی سے متعلق بل پاس کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔