نابینا باپ کو روزانہ کام پر لے جانے والی 5 سالہ باہمت فلپائنی بچی

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جون 2016
باہمت جینی روزانہ اپنے والد کو ناریل کے فارمز تک لے جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

باہمت جینی روزانہ اپنے والد کو ناریل کے فارمز تک لے جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

منیلا: ویڈیو نے پوری دنیا کو حیران کردیا ہے جس میں 5 سالہ بچی روزانہ اپنے والد کو کام کی جگہ پر پہنچاتی ہے اور پھر گھر بھی واپس لاتی ہے۔

فلپائن کی رہائشی یہ بچی بینائی سے محروم اپنے والد کو روزانہ ایک چھڑی کے ساتھ ان کے کام کی جگہ پر پہنچاتی ہے جس کا ایک سرا اس کے والد اور دوسرا بچی کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ 5 سالہ جینی کے والد نیلسن پیپے پورے دن مزدوری کرکے صرف 600 پاکستانی روپے کماتے ہیں اور اس کے لیے انہیں 60 درختوں سے ناریل اتارنا پڑتے ہیں۔

یہ خاندان فلپائن کے علاقے سوگود میں رہتا ہے اور غریب جینی ننگے پیر اپنے والد کو کھیتوں تک لاتی ہے۔ کام کے دوران جینی اپنے والد کو پانی اور کھانا بھی پیش کرتی ہے۔ تقریباً 2 ہفتے قبل اس خاندان کی ویڈیو کو فیس بک پر اپ لوڈ کیا گیا جسے اب تک 25 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔