پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز بولرز کی جنگ قرار

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 30 جون 2016
مشکل پچزاورابرآلودکنڈیشنزمیں دونوں جانب کی ٹاپ آرڈرزکوپریشانی کا سامنا ہوگا. فوٹو: فائل

مشکل پچزاورابرآلودکنڈیشنزمیں دونوں جانب کی ٹاپ آرڈرزکوپریشانی کا سامنا ہوگا. فوٹو: فائل

لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کو بولرز کی جنگ قرار دیا جانے لگا، آسٹریلیا کے سابق اسپن اسٹار شین وارن نے کہاکہ انگلش پچز اور ابر آلود کنڈیشنز میں دونوں جانب کی ٹاپ آرڈرز کو پریشانی کا سامنا رہے گا، جس کے بولنگ اٹیک میں زیادہ دم ہوا بازی وہی جیت جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 جولائی سے لارڈز میں ہوگا، اس سیریز کو بولرز کی جنگ قرار دیا جارہا ہے، آسٹریلیا کے سابق اسپنر شین وارن سمجھتے ہیں کہ انگلش پچز پر ٹاپ آرڈر کو انتہائی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں دونوں بولنگ سائیڈز ہی بہترین ہیں مگر ٹاپ آرڈرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، میزبان ملک میں موسم زیادہ اچھا نہیں ہے، پچز میں نمی زیادہ اور گیند سیم ہو گی، یہاں پر بیٹسمینوں کے لیے کھیل پانا آسان نہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ یہ حقیقت میں ایک بہترین سیریز ثابت ہوگی۔

46 سالہ شین وارن پاکستانی لیگ اسپنریاسر شاہ کی صلاحیتوں کے پرانے معترف اور ان کو اپنی قیمتی مشوروں سے نوازتے رہتے ہیں، وہ خود بھی نیٹس میں ان کو ٹپس دے چکے ہیں۔ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر عامر کی انگلینڈ واپسی کے حوالے سے وارن نے کہاکہ انھیں یہاں پر کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، مجھے ان سے ہمدردی ہے، وہ ایک اچھے بولر ہیں، مجھے امید ہے کہ وہ اس سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ جب وارن سے پوچھا گیا کہ عامر کو انگلش شائقین کی جانب سے کس قسم کے برتاؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے تو انھوں نے جواب دیاکہ میں سمجھتا ہوں کہ عامر کو اچھا رویہ ہی دیکھنے کو ملے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔