انٹرنیٹ پر صارفین کی 46.1 فیصد تعداد ہر وقت آن لائن رہتی ہے، رپورٹ

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جون 2016
لائیو اعدادوشمار کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر گوگل کو 3 ارب مرتبہ سرچ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فوٹو؛ فائل

لائیو اعدادوشمار کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر گوگل کو 3 ارب مرتبہ سرچ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: انٹرنیٹ پر اعدادوشمار کے مطابق صارفین کی 46.1 فیصد تعداد ہروقت آن لائن رہتی ہے اور فیس بک پر فی سیکنڈ 5 لوگ نیا اکاؤنٹ بناتے ہیں۔

اعدادو شمار کے مطابق انٹرنیٹ پر صارفین کی 46.1 فیصد تعداد ہروقت آن لائن رہتی ہے اور موبائل انٹرنیٹ کی وجہ سے ٹویٹس، فیس بک پوسٹس اورگوگل سرچز کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے تحت فی سیکنڈ 54 ہزار 907 گوگل سرچز، 7 ہزار 252 ٹوئٹس، ڈھائی لاکھ سے زائد ای میلز اور یوٹیوب پر سوا لاکھ سے زائد ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔ اس انٹرنیٹ سیکنڈ کو بڑھایا جائے تو ساڑھے تین لاکھ ٹوئٹس فی منٹ ہوتی ہیں اور اس طرح ایک سال میں 200 ارب ٹوئٹس کیے جارہے ہیں جب کہ پہلا ٹوئٹ 21 مارچ 2006 کو کیا گیا تھا۔

لائیو اعدادوشمار کے مطابق فی سیکنڈ بھیجی جانے والی لاکھوں ای میلز میں سے 67 فی صد اسپیم یعنی اشتہاری اور فالتو ای میلز ہوتی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر گوگل کو 3 ارب مرتبہ سرچ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جب کہ 1998 میں گوگل سروس پیش کی گئی تو اس سال روزانہ صرف 10 ہزار سرچ ہوتی تھیں۔

ٹویٹس اور ای میل سے ہٹ کر ہر سیکنڈ میں انسٹاگرام پر 729 فوٹو اپ لوڈ کیے جارہے ہیں اور اسکائپ پر 2,177 کالز کی جارہی ہیں۔ ہرسیکنڈ میں 5 نئے لوگ فیس بک پر اپنا اکاؤنٹ بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ ریڈیٹ اور ایلیکسا پر فی سیکنڈ 286 ووٹ کاسٹ کیے جاتے ہیں اور 23 کمنٹس پوسٹ ہوتے ہیں۔

دوسری جانب نیٹ فلکس نے حیرت انگیز اعدادوشمار پیش کیے ہیں کیونکہ اس کے 80 لاکھ صارفین فی سیکنڈ 1,450 گھنٹے کی ویڈیو اور ٹی وی شوز دیکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔