وزیراعظم کا ترک صدر کو فون، ترکی کے ایئرپورٹ پر خودکش حملوں کی مذمت

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جون 2016
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے ترک صدر طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور گزشتہ روز ائیرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز ترکی کے ایئرپورٹ پر ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی پاکستان اور عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ترک صدر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے ایئرپورٹ پر رات گئے دو خودکش حملے کیے گئے جس میں 41 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔