بطور نمائشی صدرآئی سی سی ظہیر عباس کی اننگز ڈکلیئرڈ

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2016
فل کونسل میٹنگ میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے ظہیرعباس کی بطور صدر خدمات کو سراہا ۔ فوٹو: فائل

فل کونسل میٹنگ میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے ظہیرعباس کی بطور صدر خدمات کو سراہا ۔ فوٹو: فائل

ایڈنبرا: بطور نمائشی آئی سی سی صدر ظہیرعباس کی اننگز’’ڈیکلیئرڈ‘‘ہو گئی اور میٹنگز میں شرکت کے سواانہیں کوئی  کام کرنے کا موقع نہ مل سکا جب کہ فل کونسل اجلاس میں پاکستان کے سابق کپتان کی بطور صدر ’خدمات‘ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 

سابق پاکستانی کپتان اور معروف بیٹسمین ظہیر عباس کے بطور صدر آئی سی سی عہدے کی ایک سالہ مدت اختتام کو پہنچ گئی،کونسل کے نئے گورننس اسٹرکچر میں ویسے ہی صدرکا نمائشی عہدہ بھی ختم ہوچکا، اس طرح ظہیر کو کونسل کے آخری صدر کا بھی اعزاز حاصل رہے گا، فل کونسل میٹنگ میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے ظہیرعباس کی بطور صدر خدمات کو سراہا،ایشین بریڈ مین کی عرفیت رکھنے والے بیٹسمین نے نمائشی ذمہ داری پر فائز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب فل کونسل میٹنگ میں سعودی عرب کو متفقہ طور پر 39 ویں ایسوسی ایٹ ممبر کے طور پر منتخب کرلیا گیا، سعودی کرکٹ سینٹر 2003 سے آئی سی سی کا ایفیلیٹ ممبر تھا، اس کی جانب سے ملک میں کھیل کے فروغ، بڑی تعداد میں کرکٹرز تیار کرنے اور اسٹرکچر بہتر بنانے پر کثیر سرمایہ کاری کرنے پر اب اسے ایسوسی ایٹ ممبر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح 53 رکنی فل کونسل نے امریکا اور نیپال کی کرکٹ ایسوسی ایشن کو معطل کرنے کی توثیق کردی، ان کو مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے بالترتیب جون 2015 اور اپریل 2016 کو معطل کیا گیا تھا۔

چیئرمین آئی سی سی ششانک منوہر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے اعلیٰ سطحی وفود ان دونوں ممالک کا دورہ کرکے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتوں میں معاملات حل کرنے کی کوشش کریں گے۔آئی سی سی فل کونسل میٹنگ میں ڈیولپمنٹ پروگرام ایوارڈز کا بھی اعلان کیا گیا، کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو ملک میں کھیل کی مجموعی بہتری کا ایوارڈ ملا، آئی سی سی سالانہ میٹنگز کے ایجنڈے میں ٹو ڈویژن ٹیسٹ سسٹم ، ون ڈے لیگ اور 2018 میں اضافی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے انعقاد جیسے اہم ایشوز بھی شامل تھے، ٹوڈویژن ٹیسٹ سسٹم اور ون ڈے لیگ دونوں کو ہی مختلف ممالک کی حمایت اور مخالفت کا سامنا ہے، کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے ابتدائی اعلامیے میں صرف رسمی کارروائیوں کی تفصیلات ظاہر کی گئی ہیں،اہم معاملات کے بارے میں تفصیلات میٹنگز کے اختتام پر ہفتے کے روز باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کی، شہریار خان نے آئی سی سی کے سامنے پاکستان کی مالی امداد کیلیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی تجویز پیش کرنے اور بگ تھری کے معاملے پر بھارت کو ٹف ٹائم دینے کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔