عید کے بعد حکمرانوں کو جیلوں میں ڈالنے تک تحریک چلائیں گے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2016
حکمرانوں نے عدلیہ، ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں میں لوگ خریدے ہوئے ہیں،عمران خان فوٹو؛ آن لائن

حکمرانوں نے عدلیہ، ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں میں لوگ خریدے ہوئے ہیں،عمران خان فوٹو؛ آن لائن

 کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے خلاف اس وقت تک تحریک چلاؤں گا جب تک انہیں جیلوں میں نہ ڈالا جائے اور اس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد سے کراچی پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پتہ ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے ٹی او آرز میں وزیراعظم پکڑے جائیں گے اس لئے ٹی او آرز میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے، جب تک قوم ان کے سامنے کھڑے نہیں ہوگی اس وقت تک  ملک کا کوئی مستقبل  نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عدلیہ، ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں میں لوگ خریدے ہوئے ہیں جن کی مدد سے وہ دھاندلی کر کے اقتدار تک پہنچتے ہیں تاہم ان کا آخری وقت آگیا ہے اور انہیں جیلوں میں ڈالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ون نکاتی ایجنڈے پرعید کے بعد تحریک شروع کروں گا جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم بلاول بھٹو زرداری تحریک میں  ہوں گے یا نہیں یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

کراچی آپریشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں نے پیسے لے کر پولیس میں بھرتیاں کیں جس کی وجہ سے محکمہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن ہے جب کہ رینجرز شہر قائد میں بہت اچھا کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے شہر میں جرائم کی وارداتوں میں واضح کمی واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس درست ہیں جب تک سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت ختم نہیں ہوگی امن ایک ہی خواب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورکمانڈر پشاور نے خیبرپختونخوا  پولیس کی کارگردگی کو سراہا ہے کیوں کہ ہم نے کے پی کے پولیس میں  سیاسی مداخلت کا خاتمہ کردیا ہے جب کہ کراچی میں جب تک تھانہ کلچر درست نہیں ہوگا امن بحال نہیں ہوسکتا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور میں مریم نواز کے اسکواڈ میں سے ایک گاڑی نے میری ہمشیرہ کی گاڑی کو ٹکر ماری اور ان پر بندوقیں تانی گئیں، کس نے انہیں اجازت دی ہے کہ اس ملک کو اپنی جاگیر سمجھیں اور شہزادی بن کر گھومیں، یہ ملک میں ایسے پھرتے ہیں جیسے باقی سب ان کے غلام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کس حیثیت سے اسلام آباد میں بیٹھ کر امور مملکت چلا رہی ہیں اور انہیں ملک کو اپنی جاگیر بنانے کی کس نے اجازت دی ہے۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایدھی ہوم میں عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اس موقع پر اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق ، ایم این اے ڈاکٹرعارف علوی ، ایم پی اے خرم شیرزمان، عمران اسماعیل ، حلیم عادل شیخ ، فیصل واوڈا سمیت دیگررہنما بھی موجود تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی پہچان اورانسانیت کا ایک باب ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا جب کہ عبدالستارایدھی کی خدمات انسانی تاریخ میں حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارا پاکستان ایدھی صاحب کی خدمات کوقدر اورعزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے جب کہ میں انہیں کبھی نہیں بھول سکتا، اللہ عبدالستار ایدھی کو صحت اور شفا دے۔

فوٹو:عمران خان فیس بک پیچ

عمران خان نے عبدالستارایدھی کی عیادت کے بعد امجد صابری کے گھر گئے جہاں انہوں نے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے گھر افسوس کے لیے آیا ہوں جب کہ تحقیقات کی جائے کہ امجد صابری جیسے انسان کو کیوں قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کے جانے کا سب کو افسوس ہے ان کے قتل سے کراچی کے امن کو دھچکا لگا اور ملک بھرمیں صدمے کی لہرآ گئی۔ انہوں نے امجد صابری کے قاتلوں کوعبرتناک سزائیں دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔