اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست

ویب ڈیسک  پير 25 جولائی 2016
انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 173 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

مانچسٹر: انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد اولڈٹریفورڈ میں پاکستان کو 330 رنز کی بدترین شکست دے دوچار کرکے 4 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ 

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کی جانب سے دیئے گئے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پورٹی ٹیم 235 رنز ہی بناسکی یوں قومی ٹیم کو 330 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 565 رنز کے تعاقب میں اوپننگ جوڑی شان مسعود اور محمد حفیظ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محض 7 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود ایک رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز اظہرعلی بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور 8 رنز بنا کر جیمز اینڈریسن کا شکار بنے۔

تیسری وکٹ پر یونس خان اور محمد حفیظ نے 58 رنز کی شراکت قائم کی تو حفیظ 42 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ یونس خان بھی کچھ ہی دیر میں ڈریسنگ روم میں حفیظ سے جاملے وہ محض 28 رنز ہی بناسکے، پہلے میچ کے ہیرو مصباح الحق کی ہمت بھی اس بار جواب دے گئی اور وہ 35 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔  اسد شفیق نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ 39 رنز پر اینڈرسن کا شکار بنے جب کہ سرفراز احمد صرف 7 رنز ہی بناسکے، یاشر شاہ 10، وہاب ریاض 19 اور محمد عامر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔  انگلینڈ کی جانب سے جیمز انڈریسن اور معین علی نے 3،3 کرس ووکس 2 اور جوئے روٹ نے ایک وکٹ حاصل کیں۔ جوئے روٹ کو شاندار ڈبل سنچری بنانے پر مین آف دی میچ دی گیا۔

اس سے قبل چوتھے روز انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر98 رنز سے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کپتان السٹرکک 49 اور جوئے روٹ 23 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کھیل کے چوتھے روز بھی گرین کیپس کی بولنگ مایوس کن رہی اور کوئی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ انگلش ٹیم نے 173 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کی تو کک 76 اور جوئے روٹ 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے گوروں کو شکست کا مزہ چکھا دیا

واضح رہے کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں انگلش کپتان السٹرکک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور انگلش بلے بازوں نے شاہینوں کی خوب پٹائی کی اور پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلئیر کردی تھی جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 198 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔