کرپشن کے خلاف ہمارا بل پاس نہ ہوا تو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 جولائی 2016
کرپشن کی روک تھام کے لیے چھوٹے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کا کوئی فائدہ نہیں، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی، فوٹو؛ فائل

کرپشن کی روک تھام کے لیے چھوٹے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کا کوئی فائدہ نہیں، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی، فوٹو؛ فائل

سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان پر کرپشن کا الزام ہے جب کہ ہم کرپشن کے خلاف بل لارہے ہیں اگر بل پاس نہ ہوا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان پر کرپشن کا الزام ہے جب کہ ہم کرپشن کے خلاف بل لارہے ہیں اگر بل پاس نہ ہوا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے چھوٹے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کا کوئی فائدہ نہیں، اگر  ہاتھ ڈالنا ہے تو بڑے لوگوں پر ڈالا جائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں وفاقی حکومت ملوث تھی تاہم اس الیکشن کو چیلنج کرنا پارٹی کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں زیادہ ووٹ ملے تاہم وفاق میں جس پارٹی کی حکومت ہو آزاد کشمیر میں اس کی کامیابی کے آثار زیادہ ہوتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ رینجرز کے پاس کوئی اختیار نہیں، کراچی کی صورتحال خراب ہوئی تو رینجرز کو لایا گیا، رینجرز کو پولیس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو بدلنے کا کوئی امکان نہیں جب کہ دبئی میں میٹنگ کوئی پہلی بار نہیں ہورہی اس سے پہلے بھی ہوتی رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔