پاکستان کیخلاف 61 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر کسی انگلش کھلاڑی کی ڈبل سنچری

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 24 جولائی 2016
جوئے روٹ دوسرے کھلاڑی بنے، سب سے مہنگے اسپنر کا منفی ریکارڈ یاسر کے نام جڑگیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

جوئے روٹ دوسرے کھلاڑی بنے، سب سے مہنگے اسپنر کا منفی ریکارڈ یاسر کے نام جڑگیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

مانچسٹر:  جوئے روٹ61 سال بعد پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے،اس سے قبل صرف ایک بار یہ کارنامہ ڈینس کامپٹن نے 1954میں سرانجام دیا تھا، اولڈ ٹریفورڈ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے اسپنر کا منفی ریکارڈ یاسرشاہ کے نام جڑگیا۔

تفصیلات کے مطابق جوئے روٹ نے پاکستان کیخلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں اپنے کیریئرکی دوسری ڈبل سنچری بنائی، اس سے قبل وہ لارڈز ٹیسٹ 2014میں سری لنکن بولرز کے ناک میں دم کرتے ہوئے 200 پر ناقابل شکست رہے تھے، یہ کسی بھی انگلش بیٹسمین کی 61سال بعد پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں پہلی ڈبل سنچری ہے، اس سے قبل صرف ایک بار یہ کارنامہ ڈینس کامپٹن نے 1954میں سرانجام دیا تھا، جوئے روٹ نے اولڈ ٹریفورڈ میں دوسری بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

انھوں نے254 رنز بنائے، کے ایف بیرنگٹن نے اسی میدان پر 1964میں آسٹریلیا کیخلاف 256 رنز بنائے تھے، انہوں نے ابھی تک 5سنچریز مکمل کرنے کے بعد اپنی اننگز کو 150رنز سے زیادہ تک طول دیا ہے،ان کی 10تھری فیگر اننگز میں سے6 ایسی ہیں کہ بولرز انھیں پویلین نہ بھیج سکے۔

یاسر شاہ نے 81 سال بعد اولڈ ٹریفورڈ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے اسپنر کا منفی ریکارڈ اپنے نام جوڑلیا، انھوں نے54اوورز میں 213رنز دیکر صرف ایک وکٹ لی،اس سے قبل آسٹریلوی بل اوریلی نے1934میں ایک وکٹ کیلیے 189رنز دیے تھے،یاسر انگلینڈ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے اسپنرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں،اس سے قبل آسٹریلوی فلیٹ ووڈ نے اوول ٹیسٹ 1938میں 298رنز کے بدلے میں ایک کامیابی حاصل کی تھی، بھارتی بشن سنگھ بیدی نے لارڈز ٹیسٹ 1974میں 226رنز کے عوض 6شکار کیے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔