بھارت کو شرمندگی؛ ریو گیمز کے منتخب ریسلر نرسنگھے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام

اے ایف پی  پير 25 جولائی 2016
نرسنگھے نے ریو اولمپکس کیلیے 74 کلوگرام فری اسٹائل کیٹیگری کیلیے کوالیفائی کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

نرسنگھے نے ریو اولمپکس کیلیے 74 کلوگرام فری اسٹائل کیٹیگری کیلیے کوالیفائی کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی:  ریو اولمپکس کیلیے منتخب بھارتی ریسلر نرسنگھے یادیو ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے۔

اس کا اعلان اتوار کو انڈین اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کیا، جس کے بعد ان کی اولمپک دستے میں شمولیت مشکوک ہوگئی ہے، یادیو نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا، انھوں نے ریو اولمپکس کیلیے 74 کلوگرام فری اسٹائل کیٹیگری کیلیے کوالیفائی کیا تھا ، لیکن وہ عمومی ٹیسٹ کے دوران ممنوعہ قوت بخش ادویات استعمال کرنے کے مرتکب قرار دیے گئے ہیں۔

ان کا ’ بی ‘ سیمپل بھی مثبت ہی آیا ہے، نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نوین اگروال نے میڈیا کو بتایا کہ جب ان کا ’ بی ‘ سیمپل کھولا گیا تو نرسنگھے ذاتی طور پر وہاں موجود تھے، وہ ہفتے کو ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے جس نے اس حوالے سے مزید رپورٹس طلب کی ہیں، اگروال کے مطابق انھیں ریو اولمپک دستے سے ہٹانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ہم اس معاملے کو جلد مکمل کرنے کی کوشش  کررہے ہیں، تاہم ان کی عدم دستیابی پر سشیل کمار کیلیے دروازے کھل سکتے ہیں، جو اس بار کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔