کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم، تدریسی عمل شروع

ویب ڈیسک  پير 25 جولائی 2016
تعطیلات کے بعد پہلے روز طلبہ کی تعداد میں واضح کمی ہوتی ہے جبکہ بچے بھی پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے،اساتذہ  : فوٹو : فائل

تعطیلات کے بعد پہلے روز طلبہ کی تعداد میں واضح کمی ہوتی ہے جبکہ بچے بھی پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے،اساتذہ : فوٹو : فائل

کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں موسم گرما کی سالانہ تعطیلات ختم ہوگئی ہیں اور تدریسی عمل شروع ہوگیا ہے تاہم درجنوں نجی اسکول تاحال بند ہیں جن کے خلاف محکمہ تعلیم نے کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں، جس کے بعد سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں درس وتدریس کا عمل بحال ہوگیا ہے۔ نجی اسکولوں میں پہلے ہی روز روایتی گہما گہمی نظر آئی جب کہ بچوں کی بڑی تعداد اپنے دوستوں سے 2 ماہ بعد ملنے پر خوش اور چھٹیوں کے دوران اپنی سرگرمیوں سے متعلق بتانے کے لیے بے تاب نظر آئے۔ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عملہ تو حاضر ہوا لیکن طلبا کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی، اساتذہ کا کہنا تھا کہ  تعطیلات کے بعدابتدائی دنوں میں طلبہ کی تعداد میں واضح کمی ہوتی ہے جبکہ بچے بھی پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں درجنوں اسکول تاحال بند ہیں اور انہوں نے یکم اگست سے ہی تدریسی عمل شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

اس خبر کو پڑھیں : سندھ میں قبل از وقت موسم گرما کی تعطیلات

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکول محکمہ تعلیم کے احکامات پر عمل کریں، احکامات نہ ماننے والے اسکول مالکان کے خلاف کارروائی ہوگی،چند نجی اسکولز کو زبردستی بند رکھا گیا ہے  جواسکول بند ہیں انہیں شو کاز جاری کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں ہر سال روایتی طور پر یکم جون سے 31 جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات ہوتی ہیں لیکن رواں برس شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے 19 مئی سے 24 جولائی تک سالانہ چھٹیوں کا اعلان کردیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔