مشہور انٹرنیٹ کمپنی ’’یاہو‘‘ کے اثاثے 4.8 ارب ڈالر میں فروخت

ویب ڈیسک  پير 25 جولائی 2016
معاہدے کی رُو سے یاہو کے مرکزی اثاثے، ویریزن کی ملکیت ہوجائیں گے۔ (فوٹو: فائل)

معاہدے کی رُو سے یاہو کے مرکزی اثاثے، ویریزن کی ملکیت ہوجائیں گے۔ (فوٹو: فائل)

نیویارک: مشہور انٹرنیٹ کمپنی ’’یاہو‘‘ اپنے بنیادی اثاثے ’’ویریزن کمیونی کیشن‘‘ کو 4.8 ارب ڈالر میں فروخت کررہی ہے یعنی پاکستانی روپوں میں اس سودے کی مالیت 480 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق آج نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ شروع ہونے سے پہلے اس سودے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا تاہم یاہو اور ویریزن، دونوں نے اس خبر پر تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

یاہو گزشتہ چند سال سے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اور بقاء کی جدوجہد میں نئی حکمتِ عملی کی جستجو میں ہے۔ ویریزن نے پچھلے سال امریکا آن لائن (اے او ایل) 4.4 ارب ڈالر میں خریدی تھی، جس کے بعد یاہو کے اہم اثاثوں کی خریداری اس کا ایک اور بڑا سودا ہوگا جس سے ویریزن کو آن لائن ایڈورٹائزنگ سے متعلق ٹیکنالوجی ٹولز، سرچ انجن، میل، میسنجر اور جائیداد (ریئل اسٹیٹ) سمیت، یاہو کے بہت سے اثاثوں کے مالکانہ حقوق حاصل ہوجائیں گے۔

اس سودے کے بعد یاہو کی اصل انتظامیہ کے پاس صرف یاہو جاپان کے 35.5 فیصد جبکہ چینی ای کامرس کمپنی ’’علی بابا گروپ ہولڈنگ لمیٹڈ‘‘ کے 15 فیصد شیئرز رہ جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔