سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کی باضابطہ نامزدگی آج کی جائے گی

ویب ڈیسک  پير 25 جولائی 2016
بلاول بھٹو نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا اعلان کریں گے جس کیلیے مراد علی شاہ مضبوط امیدوار ہیں۔ فوٹو؛ فائل

بلاول بھٹو نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا اعلان کریں گے جس کیلیے مراد علی شاہ مضبوط امیدوار ہیں۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: سندھ كے نئے وزیراعلیٰ كی باضابطہ نامزدگی آج بلاول ہاؤس میں پاكستان پیپلز پارٹی كے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری كے زیر صدارت اجلاس میں کی جائے گی جس کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا جمعہ کو حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع كے مطابق نئے وزیر اعلیٰ سندھ كے انتخاب اور اعتماد كے ووٹ كے لیے سندھ اسمبلی كا اجلاس جمعہ كو طلب كرنے كا فیصلہ كیا گیا ہے، پاكستان پیپلز پارٹی كے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سندھ كی پارلیمانی پارٹی كا اجلاس بدھ كی بجائے منگل كی رات 8 بجے بلاول ہاؤس میں  طلب كر لیا ہے جس میں پیپلز پارٹی كے اركان سندھ اسمبلی سے صوبے كے نئے وزیراعلیٰ كے بارے میں مشاورت كی جائے گی جب کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اپنا استعفیٰ بھی پیش كریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عوام کی خدمت ایمانداری سے کی وہی فیصلہ کریں میرا دورکیسا رہا، قائم علی شاہ

ذرائع كے مطابق اجلاس میں مراد علی شاہ كو نیا وزیراعلی سندھ نامزد كرنے كا امكان ہے جب كہ صوبائی كابینہ میں بھی تبدیلیوں كا فیصلہ كیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے وزیر اعلیٰ كی حلف برداری سے پہلے پیپلز پارٹی كی قیادت سندھ كابینہ كے اركان كے ناموں كو بھی حتمی شكل دے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی كے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیرون ملك میں  موجود تمام اركان سندھ اسمبلی كو فوری طور پر كراچی طلب كر لیا ہے جس کے بعد امریكا میں موجود نثار كھوڑو اور تركی میں موجود منظور وسان بھی كراچی كے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ كے انتخاب كے بعد صوبائی كابینہ اور بیوروكریسی میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ ذرائع كے مطابق سندھ كابینہ كے بعض موجودہ وزرا كو نئی كابینہ میں بھی شامل ركھا جائے گا جب كہ بعض نئے چہروں كو كابینہ میں شامل كیا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عوام کی خدمت کے لئے تیار ہوں، ممکنہ وزیراعلی سندھ

ذرائع نے بتایا کہ سینئر صوبائی وزیر نثاركھوڑو كو داخلہ یا خزانہ كا قلمدان دینے كی تجویز ہے جب كہ نادر مگسی كو خوراك، سید ناصر شاہ كو زراعت یا آبپاشی كی وزارت دینے كی تجویز زیر غور ہے، جام خان شورو كو وزیر برائے جیل خانہ جات بنانے كی تجویز ہے، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو كو دوبارہ یہی عہدہ ملنے كا قوی امكان ہے، محمد علی ملكانی، منظور وسان، ضیاالنجار اور سردار شاہ كو بھی سندھ كابینہ میں  وزارت مل سكتی ہے، اس کے علاوہ كابینہ میں 2 سے 3 خواتین وزرابھی شامل كی جائیں گی جنہیں محكمہ ثقافت، محكمہ اسپیشل ایجوكیشن  اورمحكمہ ترقی نسواں  كے محكمے دیے جانے كا امكان ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے چہروں میں سلمان عبداللہ مراد اور سید فیاض علی شاہ سمیت دیگر شامل ہوں گے جب کہ پیپلزپارٹی كے چیئرمین بلاول بھٹو كے چند قریبی ساتھیوں كو بھی مشیر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ  سندھ كابینہ میں تبدیلیوں كے بعد صوبے كی بیوروكریسی میں بھی تبدیلیاں  لائی جائیں گی، خاص طور پر محكمہ خزانہ، داخلہ اور سیاحت و ثقافت میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سیكریٹری محكمہ تعلیم فضل اللہ پیچوہو كو سیكریٹری محكمہ خزانہ مقرر كرنے كا امكان ہے جب كہ اقبال درانی كو سیكریٹری محكمہ تعلیم تعینات كیا جاسكتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔