کسٹمز نے شراب اورموبائل فون کی اسمگلنگ ناکام بنادی

ارشاد انصاری  بدھ 27 جولائی 2016
شراب تلف، فون اوردیگرسامان نیلام کرکے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائیگی،حکام  فوٹو: فائل

شراب تلف، فون اوردیگرسامان نیلام کرکے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائیگی،حکام فوٹو: فائل

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت ادارے کسٹمز نے لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی شراب اور موبائل فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر سامان قبضے میں لے لیا۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور کی جانب سے ایف بی آر کو رپورٹ موصول ہوئی ہے کہ باچہ خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر تعینات کسٹمز حکام نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بلیک لیبل جوہنی والکر اسکاچ وش،ریڈ لیبل، چیوس ریگل، بلیو لیبل اسکاچ وہسکی، جیک ڈیمائلز وہسکی، جنٹل مین جیک، جوز ڈوریو وہسکی، ولیم لاسنز وہسکی، ریئر جے اینٹ بی وہسکی، تائیحی اسٹا ہارٹ (ووڈکا) بیفیدر لندن، ماکا تھرس وہسکی، مونیم وہسکی، الیکسز وہسکی،کوک برنز اسپیشل، سو بیوسکی ووڈکہ اور گارڈنز نامی غیرملکی شراب کی درجنوں بوتلیں اور 280 پرانے اور استعمال شدہ موبائل فون سیٹ قبضے میں لے لیے ہیں جو اب ضبط کیے جارہے ہیں کیونکہ یہ غیرملکی شراب اور موبائل فون سیٹ غیر قانونی طور پر لائے جارہے تھے۔

رپورٹ میں ایف بی آر سے مذکورہ اسمگل شدہ سامان ضبط کرنے کے لیے منظوری دینے کی درخواست کی گئی ہے جو ایف بی آر نے قبول کرلی۔ اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے درآمد ہونے والے موبائل فون سیٹ و دیگر سامان نیلام کرکے رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی جبکہ شراب پالیسی کے مطابق تلف کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔