ہارے ہوئے کرکٹرز نے دبائوڈال کر مطالبہ منوا لیا

سلیم خالق  بدھ 27 جولائی 2016
ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے کھلاڑیوں کواخراجات کی50 فیصد ادائیگی کا یقین دلا دیا ۔ فوٹو: فائل

ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے کھلاڑیوں کواخراجات کی50 فیصد ادائیگی کا یقین دلا دیا ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  ہارے ہوئے کرکٹرز نے بھی بورڈ پر دبائو ڈال کر مطالبہ منوا لیا، چیئرمین شہریارخان نے پلیئرز پاور کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے ایک اور یوٹرن لے لیا، تیسرے ٹیسٹ تک فیملیز کو انگلینڈ میں ساتھ رکھنے کی اجازت دینے کے ساتھ اخراجات کی50 فیصد ادائیگی کا بھی یقین دلا دیا۔

تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستانی ٹیم کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، پی سی بی نے اسی میچ تک کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی تھی، مگر دوران ٹیسٹ ہی انگلینڈ میں موجود چیئرمین شہریارخان پر دبائو ڈالا جانے لگا کہ اسے تیسرے میچ تک توسیع دے دیں، ساتھ ہی قیام، ٹرانسپورٹیشن و دیگر اخراجات بھی بورڈ ادا کرے، کھلاڑیوں کا موقف تھا کہ فیملیز کے ساتھ نہ ہونے سے کارکردگی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے،مانچسٹر میں موجود ذرائع نے بتایا کہ رفقا کی مخالفت پر پہلے تو شہریارخان نے انکار کر دیا مگر ٹیم کے ہارنے پر انھیں خدشہ ہوا کہ کہیں یہ سلسلہ مزید طول نہ پکڑ لے، پلیئرز پاور کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے انھوں نے اجازت دے دی کہ وہ تیسرے ٹیسٹ تک اہل خانہ کو ساتھ رکھ سکتے ہیں۔

ساتھ ہی انھیں اخراجات کی پچاس فیصد ادائیگی کا بھی یقین دلا دیا گیا،ماضی میں اس کی بہت کم مثال ملتی ہے، یوں قوائد کی کھلے عام دھجیاں اڑا دی گئیں، واضح رہے کہ شہریارخان یوٹرن کیلیے شہرت رکھتے ہیں اور حالیہ واقعہ بھی اس کی ایک واضح مثال ہے، دورئہ انگلینڈ میں کپتان مصباح الحق، اظہر علی، یونس خان، محمد حفیظ، اسد شفیق، وہاب ریاض، یاسر شاہ اور سرفراز احمد کیساتھ فیملیز موجود ہیں، حکام نے پہلے موقف اپنایا تھا کہ اس سے کھلاڑیوں کی توجہ منتشر اور کارکردگی پر منفی اثر پڑتا ہے مگر دبائو پڑتے ہی انھیں بیک فٹ پر جانا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔