ورلڈ اسنوکر؛ چاروں پاکستانیوں کی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 27 جولائی 2016
ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنانے کیلیے دونوں قومی سائیڈز کل مقابل فوٹو: فائل

ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنانے کیلیے دونوں قومی سائیڈز کل مقابل فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کے چاروں کھلاڑی آئی بی ایس ایف ورلڈ6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ کے ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ گئے، ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنانے کے لیے دونوں قومی ٹیمیں جمعرات کو مقابلہ کریں گی۔

مصرکے شہرشہرام الشیخ میں جاری چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ کے لیگ مقابلوں کے اختتام پراپنے اپنے گروپ کے سیکنڈ سیڈڈ پاکستان کے چاروں کیوئسٹ96 کھلاڑیوں کے ناک آئوٹ مرحلہ میں پہنچ گئے، گروپ بی میں قومی چیمپئن بابر مسیح نے اپنے چوتھے اور آخری لیگ میچ میں بھارت کے دھرمیندر للی کیخلاف سخت میں 3-4 سے ناکامی کے باوجود اگلے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی، وہ 4 میں سے2 میچز جیت کر بہتر فریمز کی بدولت ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچے، گروپ بی میں قومی نمبر2 شہزاد کو افغانستان کے محمد رئیس سین زئی نے 4-2 سے قابو کرلیا، بھارت کے بھرت سیسوڈیا کو کسی مشکل کے بغیر 4-0 سے ٹھکانے لگانے والے سہیل شہزاد نے ناک آوٹ مرحلے میں رسائی پالی۔

انھوں نے اپنے گروپ کے 3 میں سے 2 میچ جیتے جبکہ ایک میں ان کو واک اوور ملا،گروپ آئی میں اسجد اقبال کوتیسرے میچ میں مصر کے محمد حمودہ نے 4-2 سے قابو کرلیا،اسجد نے اپنے چوتھے اور آخری مقابلے میں ویلز کے کیتھ تھامس کو4-1 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں کھیلنے کا حق پالیا، سابق قومی چیمپئن محمد بلال پہلے ہی گروپ ایکس میں اپنے 3 میں سے2 مقابلے جیت کر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے تھے، بدھ کو 64 کھلاڑیوں کے ناک آئوٹ مرحلے میں سہیل شہزاد کا مقابلہ ہانگ کانگ کے مان ہوئی لیونگ سے ہوگا۔

بابر مسیح کا ٹکرائو متحدہ عرب امارات کے محمدٕ شہاب سے طے ہے، محمد بلال کو مصر کے عبدالمنعیم کا چیلنج درپیش ہوگا،اسجد اقبال دوسرے مصری کیوئسٹ محمد اعصام کا سامنا کریں گے، دوسری جانب ٹیم ایونٹ میں 32 ٹیموں کے ناک آئوٹ مرحلے میں جمعرات کو گروپ سی کی چیمپئن پاکستان1 کا مقابلہ مصر 4 اور مصر12 کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا ، گروپ بی میں دوسری پوزیشن پانے والی پاکستان 2 ٹیم ہانگ کانگ 3 کی منتظر ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔