سریلی آواز سے سوشل میڈیا پر شہرت پانیوالے ماسٹر اسلم سے کیا گیا کوئی وعدہ وفا نہ ہو سکا

ویب ڈیسک  بدھ 27 جولائی 2016
رکشہ چلا کرگھرکا خرچہ چلانے والے ماسٹر اسلم  پر امید ہیں کہ  مالی مدد کا اعلان کرنے والے کبھی تو اپنے وعدے پورے کریں گے۔فوٹو: فائل

رکشہ چلا کرگھرکا خرچہ چلانے والے ماسٹر اسلم پر امید ہیں کہ مالی مدد کا اعلان کرنے والے کبھی تو اپنے وعدے پورے کریں گے۔فوٹو: فائل

 کراچی: اپنی سریلی آواز سے لوگوں کو حیران کردینے والے رکشہ ڈرائیور ماسٹر اسلم کو اب تک گلوکاری کا موقع نہ مل سکا جب کہ  گانےکی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد کئی لوگوں نے ماسٹر اسلم کو روزگار دینے اورگلوکاری کا شوق پورا کرانے کے وعدے کئے لیکن کوئی وعدہ وفا نہ ہو سکا۔

اپنی مدھراور سریلی آوازکا جادو جگانے والے ماسٹر اسلم جنہوں نے اپنے ٹیلنٹ سے نہ صرف پاکستان میں نام کمایا بلکہ ان کی گانے کی ویڈیو دیکھ کر بھارتی گلوکارہ لتا منگیشکر بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکیں اوراس حوالے سے جب ماسٹر اسلم مشہور ہوئے تو کئی لوگوں نے ان سے گلوکاری میں نام کمانے میں مدد کے وعدے کئے لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہو سکا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ماسٹر اسلم کی آواز لتا منگیشکر کو بھا گئی

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رہائش پذیر ماسٹر اسلم کہتےہیں گانے کا شوق ہے لیکن معاشی حالات کی وجہ سے موقع نہ مل سکا، کئی لوگوں نے روزگار دینے کی آس بھی دلائی لیکن اس پر کسی سے عمل نہیں کیا۔ رکشہ چلا کرگھرکا خرچ پورا کرنے والے ماسٹر اسلم اب بھی پر امید ہیں کہ  مالی مدد کا اعلان کرنے والے کبھی تو اپنے وعدے پورے کریں گے۔

واضح رہے کہ ماسٹر اسلم نے رکشہ میں بیٹھے بیٹھے ایک گیت گنگنایا تھا جسے سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی ملی یہاں تک کہ یہ گیت جب بھارت کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکرنے دیکھا  تو وہ بھی  ماسٹر اسلم کی آواز کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں بلکہ ان سے سرسنگیت سے ناطہ جوڑنے کی بھی خواہش کا اظہارکیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔