لاہور میں موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں

ویب ڈیسک  بدھ 27 جولائی 2016
بارش سے ریلوے اسٹیشن اور میٹرو بس اسٹیشن میں بھی پانی جمع ہوگیا جس سے میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔ فوٹو؛ ایکسپریس/ ظہورالحق

بارش سے ریلوے اسٹیشن اور میٹرو بس اسٹیشن میں بھی پانی جمع ہوگیا جس سے میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔ فوٹو؛ ایکسپریس/ ظہورالحق

 لاہور: شہر میں موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے کئی روز سے جاری گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور میں موسلا دھار بارش؛ کرنٹ لگنے اور دیگرواقعات میں 4 افراد جاں بحق

بارش کے بعد، نیلا گنبد، جی پی او چوک، جیل روڈ، مال روڈ، کریم پارک، راوی روڈ اور لوئر مال پر پانی جمع ہوگیا جب کہ نولکھا، دہلی گیٹ، یکی گیٹ اور موریہ پل پر بھی 2،2 فٹ کے قریب پانی کھڑا ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے پانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی انتہائی سست روی کا شکار ہے جس سے کئی علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث ناصر باغ سے مال روڈ پر ٹریفک کا داخلہ بند کردیا  گیا۔ شہر میں بارش سے ریلوے اسٹیشن اور میٹرو بس اسٹیشن میں بھی پانی جمع ہوگیا جس سے میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

دوسری جانب لاہور میں بارش کا آغاز ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں اور کئی علاقوں میں تار ٹوٹنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔