20 کروڑ کی آبادی لیکن صرف 7 پاکستانی پلیئرز ریو گیمز میں شریک

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 28 جولائی 2016
افتتاحی تقریب میں قومی پرچم تھامنے والے کا فیصلہ ایک، دو روز میں ہوجائے گا  فوٹو: فائل

افتتاحی تقریب میں قومی پرچم تھامنے والے کا فیصلہ ایک، دو روز میں ہوجائے گا فوٹو: فائل

 لاہور: 20 کروڑ کی آبادی والے ملک پاکستان کے7 کھلاڑی ریو گیمز میں شریک ہونگے، 10آفیشلز کو بھی ریو بھیجا جائیگا، مختصر ترین دستے نے مقابلوں کا حصہ بننے کیلیے تیاریاں مکمل کر لیں۔

نائب صدر پی او اے شوکت جاوید کی زیرسربراہی میں17رکنی دستہ 2 اگست کو برازیل روانہ ہوگا، نائب صدر پی او اے محمد عابد قادری نے بتایا کہ ہاکی ٹیم کے کوالیفائی نہ کرنے کی وجہ سے دستے کے اراکین کی تعداد کم ہوئی،قومی دستے میں ایتھلیٹکس، سوئمنگ اور شوٹنگ کے2،2 اور جوڈو کا ایک پلیئرشامل ہے، یہ اولمپکس میں پاکستان کی تاریخ کا مختصر ترین دستہ ہے، اس سے قبل1968 کے میکسیکو گیمز میں20 رکنی دستے نے ملکی نمائندگی کی تھی، پاکستان کے سب سے زیادہ ایتھلیٹس کی تعداد میلبورن اولمپکس 1956میں رہی جس میں62کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیے تھے۔

دوسری جانب افتتاحی تقریب میں قومی پرچم تھامنے والے کا فیصلہ ایک، دو روز میں ہوجائیگا، چیف ڈی مشن شوکت جاوید نے کہاکہ ملک وقوم کیلیے زیادہ خدمات انجام دینے والاکھلاڑی ہی اس اعزاز کا مستحق ہوگا،انٹرنیشنل میڈلز کو دیکھ کر جلد میں اپنے فیصلے سے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو آگاہ کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔