نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016
کے الیکٹرک  اور 300 یونٹ سے کم ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین اس کمی سے مستفیذ نہیں ہوسکیں گے، نیپرا فوٹو: فائل

کے الیکٹرک اور 300 یونٹ سے کم ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین اس کمی سے مستفیذ نہیں ہوسکیں گے، نیپرا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاورریگولرٹی اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی منظوری دے دی ہے تاہم کے الیکٹرک اور 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولرٹی اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 33 کمی کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ جون میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت11روپے50پیسے، فرنس آئل 6 روپے8 پیسے اور گیس سے 5روپے ایک پیسے جب کہ ایل این جی سے پیداواری لاگت 5روپے5 پیسے فی یونٹ رہی۔ جون میں مجموعی طور پر 10ارب 47 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی جس کی اوسطاً پیداواری لاگت47ارب روپے رہی ۔ اس طرح جون میں بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 4 روپے 47 فی یونٹ رہی جبکہ تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے6 روپے 80 روپے فی یونٹ وصولی کی۔ اس لئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی یونٹ کمی کی جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بجلی بحران پر کے الیکٹرک سے جواب طلب 

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیز اتھارٹی کی درخواست اور ان کا موقف سننے کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔ نندی پور اور گدو پاور پلانٹ کی لاگت کو شامل نہیں کیا گیا۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور اس سے صارفین کو 30 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ تاہم کے الیکٹرک کے صارفین اور 300 یونٹ سے کم ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین قیمتون کی اس کمی سے مستفیذ نہیں ہوسکیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزارت پانی و بجلی کے دعوؤں کی نفی

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔