بھارت میں خونخوار تیندوے نے 10 افراد کو زخمی کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016

اتر پردیش: بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں میں داخل ہونے والے تیندوے نے وہاں موجود تمام افراد کو شدید خوف اور اشتعال  میں مبتلا کردیا جب کہ اس کے حملے میں 3 سالہ بچے سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔

بپھرا ہوا تیندوا پورے گاؤں میں دوڑتا رہا اور اس نے راہ میں آنے والے 10 سے زائد افراد کو شدید زخمی کردیا جن میں ایک 3 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ اس واقعہ کی ڈرامائی فوٹیج پوری دنیا میں مقبول ہورہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے تیندوے نے 2 افراد پر حملہ کیا اور اس کے بعد ایک گھر میں گھس گیا اور جب تیندوے کو وہاں سے بھگایا گیا تو باہر نکلتے ہوئے اس نے ایک اور دیہاتی کو بھنبھوڑ ڈالا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بنگلور میں تیندوے نے 6 افراد کو زخمی کردیا

ویڈیو فوٹیج میں جو ہولناک منظر شامل نہیں اس میں ایک 3 سالہ زخمی بچہ زخمی ہوا تھا جو ایک شخص کی گود میں تھا۔ تیندوے نے اس بچے کو گھسیٹ کر لے جانے کی کوشش کی تو ایک اور دیہاتی نے اسے پکڑا اور بقیہ لوگوں کو ایک الارم کے ذریعے خبردار کردیا۔ لیکن اس واقعے میں معصوم بچہ شدید زخمی ہوگیا۔

یہ تیندوا ایک گھر میں گھاس کے ڈھیر میں چھپا تھا جہاں پہلے وہ دو بے خبر خواتین پر حملہ کرکے وہاں سے فرار ہوا تھا۔ ویڈیو میں تیندوے کو ایک جامنی قمیض پہنے شخص پر حملہ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اس پورے واقعہ میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوئے۔ بعد ازاں محکمہ جنگلات و حیوانات کے ایک افسر نے بتایا کہ تیندوا کارڈیئک اریسٹ سے مرگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔