سندھ بھر میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابی شیڈول کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016
29 اگست کو کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری جبکہ 30 اگست کو نومنتخب امیدواران حلف اٹھالیں گے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

29 اگست کو کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری جبکہ 30 اگست کو نومنتخب امیدواران حلف اٹھالیں گے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ بھر میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 5 اور 6 جولائی تک جمع کراسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سندھ میں مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ کامیاب امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 5 اور 6 جولائی تک جمع کرا سکتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن  کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 8 سے 10 جولائی تک کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی پر اٹھنے والے اعتراضات کا فیصلہ 13 اگست کو سنایا جائے گا جبکہ امیدواروں کے لئے انتخابات سے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ 15 اگست دی گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ ملتوی

الیکشن کمیشن کے مطابق 16 اگست کو کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی جائے گی جبکہ  انتخابی نشانات بھی الاٹ کردئے جائیں گے۔ انتخابات کی تاریخ 24 اگست مختص کی گئی ہے جبکہ 29 اگست کو کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری کردئے جائیں گے اور 30 اگست کو نومنتخب امیدواران حلف اٹھالیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ایم کیوایم کی واضح اکثریت

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبے بھر میں تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی لگا دی ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کے اعلانات بھی نہیں کئے جاسکتے جبکہ کوئی وزیر اور مشیر کسی بھی حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ صوبے کے اضلاع میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ ، ڈسٹرکٹ کونسل ٹھٹہ ، میونسپل کمیٹی گمبٹ اور خیرپور میں الیکشن نہیں ہوں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایم کیوایم کا الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔