پنجاب رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان فائربندی پراتفاق

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016

 لاہور: پاکستان رینجرز پنجاب اور بھارتی سیکیورٹی فورس کے درمیان 3 روزہ مذاکرات ختم ہوگئے جس میں دونوں جانب سے سیز فائر کی پابندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  پاکستان رینجرز پنجاب اور بھارتی سیکیورٹی فورس کے 23 رکنی وفد کے درمیان ہونے والے 3 روزہ مذاکرات ختم ہوگئے جس کے بعد مذاکرات کا مشترکہ  اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔  اعلامیے کے مطابق بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل شری کرشن کمار شرما نے بھارت اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان اور بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر متفق

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے رابطے مزید بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا جب کہ غلطی سے بارڈر پار کرنے والوں کی بحفاظت واپسی پر بھی طریقہ بہتر بنانے پرلائحہ عمل طے کیا گیا۔ دونوں فورسز کے درمیان مؤثر رابطوں سے مسائل کا حل ڈھونڈنے اور فلیگ میٹنگز کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورکنگ باؤنڈری کے معاملات کا باہمی حل تلاش کیا جائے گا اور دونوں جانب سے سیز فائر کی مکمل پابندی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔