بچوں کے اغوا کی وارداتوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016
واقعات میں ملوث ملزمان كا سراغ لگا كر انہیں نشان عبرت بنایا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

واقعات میں ملوث ملزمان كا سراغ لگا كر انہیں نشان عبرت بنایا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو بچوں کے اغوا کی وارداتوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں ڈیڑھ سال کے دوران 1808 بچے اغوا ہوئے، رپورٹ 

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق شہبازشریف نے چین سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بچوں كے اغوا كی وارداتوں كی روك تھام پرخصوصی توجہ مركوز كی جائے اور ان واقعات میں ملوث ملزمان كا سراغ لگا كر انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایسی وارداتوں میں ملوث ملزمان كو قانون كی گرفت میں لانے كیلیے خصوصی ٹیمیں تشكیل دینے كی ہدایت كرتے ہوئے كہا كہ كیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے باقاعدگی سے آگاہ كیا جائے۔ شہبازشریف نے کہا کہ اغوا ہونے والے بچوں كے والدین كے دكھ كو سمجھتا ہوں اس لیے بچوں كی بازیابی كے لیے كوئی كسر اٹھا نہ ركھی جائے اور آئندہ ایسے واقعات كی روك تھام كے لیے مؤثر حكمت عملی بنائی جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور کے علاقے بادامی باغ سے 4 بچے اغوا

شہبازشریف کا کہنا تھا كہ بس اڈوں، ریلوے سٹیشنوں اور رش والے مقامات كی سیكیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اغوا كی وارداتوں كا ہر پہلو سے تجزیہ بھی كیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔