پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارت 2 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، سرتاج عزیز

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جولائی 2016
2011 سے رواں سال تک بھارتی حکام کی جانب سے 450 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ان میں سے 395 ماہی گیروں کو رہا بھی کردیا گیا ہے، مشیر خارجہ۔ فوٹو : رائٹرز

2011 سے رواں سال تک بھارتی حکام کی جانب سے 450 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ان میں سے 395 ماہی گیروں کو رہا بھی کردیا گیا ہے، مشیر خارجہ۔ فوٹو : رائٹرز

 اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دفاعی اور ثقافتی تعلقات کے علاوہ مختلف شعبوں میں بھی تعاون قائم ہے جب کہ دو طرفہ تجارت بھی بڑھ کر 2 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشیرخارجہ سرتاج عزیزکا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان بہترین اور خوشگوار تعلقات ہیں جب کہ دونوں ممالک کو دفاع اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں بھی ایک دوسرے کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدوں کے بعد اب دو طرفہ تجارت بڑھ کر 2 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دونوں ممالک ناصرف  دیرینہ دوست ہیں بلکہ معیشت کے حوالے سے بھی بہترین شراکت دار ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی جیلوں میں 396 پاکستانی قید

وزارت خارجہ کی جانب سے سینیٹ میں تحریری جواب میں مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 2011 سے رواں سال تک بھارتی حکام کی جانب سے 450 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ان میں سے 395 ماہی گیروں کو رہا بھی کردیا گیا ہے۔ سینیٹ کو تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 450 ماہی گیروں میں سے اب تک 45 افراد کی شناخت کا مسئلہ ہے جب کہ ایک شخص انتقال کرگیا ہے اور 8 ماہی گیروں کو منشیات کے جرم میں گرفتارکیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔