جیم اینڈجیولری مسائل،وزارت صنعت سے رپورٹ طلب

ارشاد انصاری  ہفتہ 30 جولائی 2016
صدرنے وفدسے ملاقات کے بعدٹیکس کم،ایس آراو 760 میں ترامیم تجویزکی تھیں،ذرائع فوٹو: اے ایف پی/فائل

صدرنے وفدسے ملاقات کے بعدٹیکس کم،ایس آراو 760 میں ترامیم تجویزکی تھیں،ذرائع فوٹو: اے ایف پی/فائل

 اسلام آباد:  ایوان صدر نے جیم اینڈ جیولری سیکٹر کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے صدر مملکت ممنون حسین کی سفارشات پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایوان صدر کے ڈائریکٹر جنرل ایف اے اینڈ ایس اے نوید الٰہی کے دستخط سے جاری لیٹر میں وزارت صنعت و پیداوار سے کہا گیا ہے کہ ایوان صدر سیکریٹریٹ کی جانب سے یکم جون 2016 کو بھجوائے جانے والے لیٹر کے بارے میں ہونے والی پیشرفت پر رپورٹ کا تاحال انتظار کیا جارہا ہے مگر ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا لہٰذا اس بارے میں جلد ازجلد پیشرفت رپورٹ بھجوائی جائے۔ وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ ایوان صدر کے لیٹر پر عمل درآمد کے لیے رپورٹ بنا کر ایف بی آر کو بھجوائی گئی تھی مگر ایف بی آر سے کوئی جواب نہیں ملا، اسی وجہ سے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے تاحال کوئی رپورٹ نہیں بھجوائی جاسکی۔

وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر کے لیٹر کی سفارشات پر عمل درآمد کے حوالے سے 25 جولائی 2016کو ایف بی آر کو دوبارہ یاددہانی کرائی گئی جس میں 15 جون 2016 کو بھجوائے جانے والے لیٹر کا حوالہ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی(پی جی جے ڈی سی) کے حکام نے 30مئی 2016کو صدر مملکت کے ساتھ ملاقات کی تھی جس میں کمپنی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے روڈمیپ کے متعلق تبادلہ خیال ہوا تھا اور ایوان صدر کی جانب سے وزارت صنعت و پیداوار سے کہا گیا تھا کہ جیمز اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے تاکہ شعبہ فروغ پا سکے اور جیمز اینڈ جیولری مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکیں ۔

ذرائع کے مطابق سفارشات دی گئی تھیں کہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر پر عائد انکم ٹیکس کی شرح 1فیصد سے کم کرکے 0.5فیصد کی جائے جبکہ سونے کی درآمد اور اس سے تیار کردہ زیورات کی برآمد کے لیے جاری کردہ ایس آر او نمبر 760(I)/2013 میں ترامیم تجویز کی گئی تھیں۔ وزارت صنعت و پیداوار کے حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو کی گئی یاددہانی میں درخواست کی گئی کہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر پر عائد انکم ٹیکس کی شرح 1 فیصد سے کم کرکے 0.5فیصد کرنے کی تجویز پر عملدرآمد کے بارے میں پیشرفت سے وزارت صنعت و پیداوار کو آگاہ کیا جائے تاکہ ایوان صدر سیکریٹریٹ کو رپورٹ بھجوائی جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔