قومی ٹوئنٹی 20 کپ؛ کئی اسٹارز ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 30 جولائی 2016
آفریدی اسلام آباد کی طرف سے کھیلیں گے، آصف اور یونس خان کو کسی ٹیم نے نہیں لیا۔ فوٹو: فائل

آفریدی اسلام آباد کی طرف سے کھیلیں گے، آصف اور یونس خان کو کسی ٹیم نے نہیں لیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  آئندہ ماہ پاکستان کے2 شہروں میں شیڈول قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا، مختصر طرز کے اس قومی ایونٹ میں کئی اسٹارز ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے، ٹیسٹ قائد مصباح الحق اور ورلڈ 20 ٹوئنٹی2016 میں گرین شرٹس کی قیادت کرنے والے آل رائونڈر شاہد آفریدی اپنے جونیئرز کی کپتانی میں کھیلیں گے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو کسی بھی ریجن کی ٹیم نے منتخب کرنے کے قابل نہیں سمجھا، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پیسر محمد آصف بھی بولی نہ لگنے کی وجہ سے ایونٹ سے دور رہیں گے، اسی کیس کے ایک اور کردار سلمان بٹ لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم سے نظر انداز احمد شہزاد لاہور بلوز کے کپتان بن گئے، یکم اپریل 2014 سے مختصر طرز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کا حصہ نہ بننے والے کامران اکمل کو لاہور وائٹس کا کپتان بنایا گیا، اکبرالرحمن کراچی وائٹس اورخالد لطیف کراچی بلوزکے قائد ہوں گے، راولپنڈی ریجن کے کپتان آل راؤنڈر سہیل تنویر اور پشاور ریجن کے قائد رفعت اللہ مہمند ہیں، فاٹا ریجن کی قیادت فواد خان کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی طرز پر نیشنل ٹوئنٹی20 کپ میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا، ایونٹ25 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان راولپنڈی اور ملتان میں ہو گا، اس میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں لاہور بلوز، وائٹس، کراچی وائٹس، بلوز، راولپنڈی، پشاور، اسلام آباد اور فاٹا شریک ہوں گی۔

ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پرمشتمل ہوگی۔گذشتہ روز کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل رائل پام اینڈ کنٹری کلب لاہور میں ہوا جس میں ڈرافٹنگ میں شامل کھلاڑیوں، ریجنز کے سربراہان اور کوچز نے شرکت کی، ڈرافٹنگ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر شاہد آفریدی شاہد خان آفریدی کا نام بھی فائنل ہوا تاہم وہ عمرگل کی کپتانی میں اسلام آباد کیلیے کھیلیں گے، انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے مصباح الحق کراچی وائٹس کی نمائندگی کریں گے،وہ بھی اکبرالرحمن کی قیادت میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ پیسر محمد آصف کو کسی بھی ٹیم نے نہیں خریدا، اسی کیس کے مرکزی کردار سلمان بٹ لاہور بلوز کا حصہ بننے میں کامیاب رہے ہیں، انگلینڈ کے خلاف دونوں ٹیسٹ میں تسلی بخش کارکردگی نہ دکھانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کوکسی نے بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کے قابل نہ سمجھا۔ ایکشن کی تبدیلی کے بعد ٹیم سے باہرآف اسپنر سعید اجمل کی خدمات کراچی بلوز نے حاصل کرلیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔