پالی کیلی ٹیسٹ میں سری لنکا کے ہاتھوں آسٹریلیا کو تاریخی شکست

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 جولائی 2016
176 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر سری لنکا کے کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا : فوٹو : فائل

176 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر سری لنکا کے کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا : فوٹو : فائل

کولمبو: سری لنکا نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں 106 رنز سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے۔

سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آئی لینڈرز نے کینگروز کو فتح کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن آسٹریلیا کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 161 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے اسپنر رنگنا ہراتھ نے 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 117 رنز بناکر شائقین کو مایوس کردیا تھا سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے 24 رنز بنا کر نمایاں بلے بازوں میں نام بنایا آسٹریلیا کے جانب سے لیون اور ہیزلے ووڈ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز شروع ہوئی تو سری لنکن اسپنر رنگنا ہراتھ نے آسٹریلیا کو نمایاں برتری حاصل نہ کرنے دی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تاہم آسٹریلیا نے اے سی ووجز کے 47 اور مارش کے 31 رنز کی بدولت 203 رنز کے مجموعے کے ساتھ 86 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں توقع کے برعکس ناصرف آسٹریلیا کی برتری کو ختم کیا بلکہ کوشل مینڈس کے 176 رنز اور چندیمل کے 42 رنز کی بدولت ہدف کو 268 رنز تک پہنچا دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔  کینگروز نے 268 رنز کا تعاقب کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم لنکن ٹائیگرز کے رنگنا ہراتھ نے کینگروز کی تمام کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سری لنکا کے جانب سے 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف آسٹریلیا 17 سال تک ناقابل شکست رہا، کینگروز کو آئی لینڈرز نے آخری بار ٹیسٹ میچ میں  1999 میں شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔