پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ نہیں، محمد اکرم بھی آفریدی کے حامی

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 جولائی 2016
لارڈز میں تاریخی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم اولڈ ٹریفرڈ میں ضرورت سے زیادہ پراعتماد تھی ، محمد اکرم فوٹو: فائل

لارڈز میں تاریخی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم اولڈ ٹریفرڈ میں ضرورت سے زیادہ پراعتماد تھی ، محمد اکرم فوٹو: فائل

لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے ملک میں کرکٹ کے ٹیلنٹ سے متعلق صحیح کہا اور جب تک گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ہمیں ٹیلنٹ نہیں ملے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں محمد اکرم کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے ملک میں کرکٹ کے ٹیلنٹ نہ ہونے کی بات بالکل درست کی ہے، ان کی بات پرکافی تنقید کی گئی لیکن انہوں نے جس تناظراورپس منظرمیں یہ بات کی تھی ہمارے لئے اسے سمجھنا بڑا ضروری ہے، جب تک نچلی سطح پرکرکٹ کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا ہمیں ٹیلنٹ نہیں ملے گا اوراگراس سطح پرہمیں ٹیلنٹ نہیں ملے گا توچا ہے ہم جتنے کوچزاورانتظامیہ تبدیل کرلیں ہمارے معیارمیں تبدیلی نہیں آئے گی۔

محمد اکرم نے اولڈ ٹریفرڈ میں پاکستان کی شکست کے بارے میں کہا کہ لارڈزمیں تاریخی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم اولڈ ٹریفرڈ میں ضرورت سے زیادہ پراعتماد تھی اورپورے میچ میں ہمیں پاکستانی کھلاڑیوں میں وہ صبر اور برداشت نظرنہیں آیا جو ٹیسٹ کرکٹ کی پہچان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔