جولائی 2016، ٹیکس وصولیاں 159 ارب روپے تک پہنچ گئیں

ارشاد انصاری  اتوار 31 جولائی 2016
چند روز میں حتمی اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، ایف بی آر حکام۔ فوٹو: فائل

چند روز میں حتمی اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، ایف بی آر حکام۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران 159ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو جولائی2015 کے مقابلے میں 14.22فیصد زیادہ ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘ کو ٹیکس وصولیوں کے دستیاب عبوری اعداد و شمار کے مطابق ایف بی آر کو فیلڈ فارمشنز سے گزشتہ رات تک ملنے والی تفصیلات کے مطابق جولائی 2016 کے دوران ٹیکس وصولیاں14.22 فیصد کے اضافے سے 159 ارب روپے رہیں جو جولائی 2015 میں 139.2 ارب روپے تک محدود تھیں، جولائی 2016 کی مجموعی وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس) کی مد میں 60.4 ارب روپے وصول پائے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں46.7 ارب روپے کی انکم ٹیکس وصولیوں سے29 فیصد زیادہ ہیں، اس کے علاوہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی وصولیاں سال بہ سال 7 فیصد اضافے کے نتیجے میں68.5 ارب روپے سے بڑھ کر 73.6 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔

اسی طرح فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی رواں سال جولائی میں وصولیاں 6 ارب روپے رہیں جو گزشتہ سال جولائی میں 4ارب تک محدود تھیں، اس طرح ایف ای ڈی کی سال بہ سال وصولیاں 49فیصد بڑھیں۔ عبوری ڈیٹاکے مطابق جولائی میں کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 28 ارب روپے جمع کیے جاسکے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں20 ارب روپے کی کسٹمز ڈیوٹی وصولیوں سے37فیصد زیادہ ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ چند روز میں حتمی اعدادوشمار موصول ہونے کے بعد ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔