ریو اولمپکس؛ سارہ احمد کانسی کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 11 اگست 2016
حجاب میں ملبوس 18 سالہ سارہ احمد نے 255 کلوگرام وزن اٹھا کرتیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

حجاب میں ملبوس 18 سالہ سارہ احمد نے 255 کلوگرام وزن اٹھا کرتیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

برازیلیا: ریو اولمپکس میں مصری خاتون ایتھلیٹ سارہ احمد کانسی کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔

برازیل میں جاری ریو اولمپکس میں 69 کلو گرام ویٹ لفٹر کے مقابلوں میں مصری ایتھیلیٹ سارہ احمد نے کانسی کا تمغہ جیت کر عرب دنیا کی پہلی ایتھلیٹ بن گئی ہیں جنھوں نے اولمپکس میں کسی بھی مقابلے میں کوئی تمغہ حاصل کیا ہے۔ حجاب میں ملبوس 18 سالہ سارہ احمد نے 255 کلوگرام وزن اٹھا کر چینی شیانگ یانمے اور قزاقستان کی ظہیرہ زاپارکول کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مصر نے ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں آخری بار 1948 میں اولمپکس تمغہ جیتا تھا۔

تمغوں کی دوڑ میں امریکا سب سے آگے ہے جو اب تک 32 تمغے جیت چکا ہے ، جن میں سونے اور چاندی کے 11،11 اور کانسی کے 10 تمغے شامل ہیں جب کہ تمغوں کی دوڑ میں چین بدستور دوسرے نمبر پر ہے جس کے تمغوں کی کل تعداد 23 ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔